پاکستان، کشمیر کاز کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا

لاہور : مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ پاکستان، کشمیر کاز کی بھرپور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور انشاء اللہ ایک ایسا 5 فروری بھی آئے گا جب مسئلہ کشمیر، اہل کشمیر کی خواہشات اور توقعات کے مطابق حل ہو چکا ہو گا۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان دیگر تنازعات کے حل کی راہ بھی کھلے گی اور خطے میں امن و امان کے ماحول میں دونوں ملکوں کے وسائل کا غالب حصہ قومی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح و بہبود پر خرچ ہو گا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام نے ہر دور میں مقبوضہ کشمیر میں ریاستی جبر و تشدد اور انسانی حقوق کی پامالی کے خلاف بھرپور آواز اٹھائی ہے۔ حق خودارادیت کے حصول کیلئے کشمیری عوام کی دلیرانہ جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں ہر ملکی اور بین الاقوامی فورم پر کشمیر کاز کو اجاگر کیا اور آج بھی مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے کے معاملے میں پارٹی کا موقف واضح ہے