پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر اظہار تشویش

Dr Mohammad Faisal

Dr Mohammad Faisal

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کا مقبوضہ کشمیر میں تیزی سے بگڑتی صورتحال پر اظہار تشویش، ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام شدید خوف و ہراس کی کیفیت میں ہیں جس کی وجہ وادی میں مزید 38 ہزار بھارتی فوجی دستوں کی تعیناتی ہے، پاکستان بھارتی اشتعال انگیزیوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جغرافیائی تبدیلی کے خدشات بہت بڑھ چکے۔ بھارتی فوج نے سیاحوں، یاتریوں اور طلبا کو علاقے سے نکلنے کا حکم دے دیا۔ مقامی آبادی خوراک ذخیرہ کرے، اس طرح کے اعلانات عوام میں شکوک و شبہات پیدا کر رہے ہیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان، مقبوضہ وادی کی جغرافیائی یا آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مخالفت کرتا ہے، کنٹرول لائن پر حالیہ بھارتی جارحیت سے بچے سمیت 2 افراد شہید، 11 شدید زخمی ہوئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ، جنرل اسمبلی صدور کو خطوط لکھے ہیں جن میں اقوام متحدہ کی توجہ مقبوضہ کشمیرکی صورتحال کی طرف دلائی گئی ہے۔ پاکستان عالمی برادری کو کسی بھی نئے بھارتی ڈرامے سے خبردار کرتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ بھارتی منفی سرگرمیاں عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزیاں ہیں، عالمی برادری بھارت پر خطے میں امن وسلامتی برقرار رکھنے اور ذمے دارانہ کردار ادا کرنے کیلئے دباؤ بڑھائے۔ موجودہ سنگین حالات کے پیش نظر مقبوضہ وادی میں بھارتی خطرناک عزائم کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا نوٹس بھی لیا جائے، اس حوالے سے برطانیہ، چین، امریکا، فرانس کوعلاقائی امن کو درپیش خطرات پربریفنگ دی ہے مزید برآں اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کو بھی صورتحال سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔