پاکستان میں قانون کی بالا دستی نہیں اس لئے قبضہ گروپ متحرک ہیں، وزیراعظم

Imran Khan

Imran Khan

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں قانون کی بالا دستی نہیں اس لئے قبضہ گروپ متحرک ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سب کچھ دیا سیاست میں آنے کی ضرورت نہیں تھی، 25 سال پہلے پارٹی کا آغازکیا تواس کا نام انصاف کی تحریک رکھا، سیاست میں اس لیے آیا کہ ملک کے لیے کچھ کرسکوں، خواہش تھی کہ تعلیم، صحت اورانصاف کا نظام مضبوط ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ پرویزمشرف نے این آراودیکر سب سے بڑا جرم کیا، اب تو سارے اکٹھے ہوکر کہتے ہیں ہمیں این آراو دیں۔ ملک میں خوشحالی اس وقت آئے گی جب قانون کی بالادستی ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر عمل سے ہمارے آدھے مسائل حل ہوجائیں گے، وہ قومیں آگے بڑھتی ہیں جہاں قانون کی بالادستی ہو۔ قانون کی بالا دستی نہ ہونے سے ہم پیچھے رہ گئے، بنگلہ دیش اوربھارت ترقی میں پاکستان سے آگے نکل گیا کیونکہ وہاں قانون ہے۔ کوئی بھی قوم قانون کی حکمرانی کے باعث آگے بڑھتی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ اوورسیز پاکستانی ہیں، قانون کی وجہ سے برطانیہ میں قبضہ گروپ نہیں ہیں، پاکستان میں قانون کی بالا دستی نہیں اس لئے قبضہ گروپ متحرک ہیں۔ کمزورکو طاقتورسے تحفظ چاہیے ہوتا ہے، انصاف ملنے سے معاشرہ آزاد ہوجاتا ہے۔