پاکستان میں قیدیوں کے کھانے سے چھپکلی برآمد ہونے پر سپریم کورٹ کا نوٹس

Prisoners

Prisoners

لاہور (جیوڈیسک) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کوٹ لکھپت جیل میں خواتین قیدیوں نے کھانے سے چھپکلی برآمد ہونے پر احتجاج کیا۔

ڈی آئی جی میجر ریٹائرڈ مبشراللہ نے موقف اختیار کیا کہ واقعہ پر سخت نوٹس لیا گیا ہے، انکوائری بھی جاری ہے۔ ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہو گی۔ جسٹس تصدق جیلانی نے ریمارکس دیئے کہ جیلوں میں کھانے کا معیار چیک کرنے کا کوئی نظام نہیں۔

جسٹس شیخ عظمت سعید نے قرار دیا کہ قیدیوں کی اصلاح ہونی چاہیے لیکن جیل انتظامیہ اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی۔ عدالت نے ڈی آئی جی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ایک ہفتے کے لئے ملتوی کر دی۔