پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط

Imran Khan Meeting

Imran Khan Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان اور قطر کے درمیان تعاون کے مختلف معاہدوں پر دستخط ہو گئے۔ امیر قطر شیخ تمیم بن حمدالثانی دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو نور خان ائیر بیس پر وزیراعظم عمران خان نے امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کا پُرتپاک استقبال کیا۔

امیر قطر شیخ تمیم کو پاکستان پہنچنے پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور جے ایف 17 تھنڈر نے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ بھی کیا، اس کے علاوہ مسلح افواج کے دستوں نے شیخ تمیم بن حمد کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

وزیراعظم عمران خان امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی کی گاڑی خود چلا کر انہیں وزیراعظم ہاؤس لیکر آئے۔

بعد ازاں وزیراعظم ہاؤس میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر دستخط بھی ہوئے۔

ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤںنے سیاسی اور معاشی پارٹنر شپ بڑھانے کے عزم کا اعادہ، کیا دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تجارت بڑھانے کے اقدامات پر بھی اتفاق کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں نے زراعت اور خوراک کے شعبوں میں اشتراک بڑھانے پر ایل این جی اور ایل پی جی سمیت توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔

دونوں ممالک نے تیل وگیس کی تلاش اور پیداوار میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا جبکہ قطر نے پاکستان میں توانائی اور سیاحت میں سرمایہ کاری پر اتفاق کیا۔

اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر بھی مذاکرات ہوئے جس میں وزیراعظم عمران خان اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اپنے اپنے ممالک کی وفود کی سربراہی کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم اہم وزراء اور سینیئر حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان پہنچے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ امیر قطر وزیراعظم عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔

اس دوران وہ صدر مملکت عارف علوی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

اس سے قبل بھی مارچ 2015 میں امیر قطر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔