پاکستان باز نہ آیا تو دوسرا آپشن استعمال کریں گے، افغان دھمکی

Hamid Karzai

Hamid Karzai

کابل (جیوڈیسک) افغانستان نے دھمکی دی ہے کہ پاکستان اشتعال انگیز کارروائیوں سے باز آجائے دوسری صورت میں افغان حکومت مناسب وقت پر دیگر آپشن استعمال کرنے کیلیے تیار ہے۔

بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان احمد شکیب مصطغنائی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ افغان خفیہ اداروں نے حکومت کو معلومات دی ہیں کہ پاکستان افغانستان میں امن وامان کی صورتحال کو خراب کرنے کے لیے ایک ملیشیا بنارہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ افغان انٹیلی جنس نے بتایا کہ پاکستانی حکومت افغانستان میں امن وسلامتی کی صورتحال کو خراب کرنے کے لیے ایک ملیشیا تیار کر رہی ہے جسے پیسے دے کر افغانستان بھیجا جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ افغان نیشنل سیکیورٹی فورسز ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں اور نئے چیلنجز کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہیں۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اشتعال انگیزی کی کارروائیوں اور راکٹ حملوں کے حوالے سے پاکستانی حکام کے ساتھ سفارتی چینلز کے ذریعے بات چیت جاری ہے اور اگر پاکستان نے ایسی کارروائیاں جاری رکھیں تو افغان حکومت مناسب وقت پر دیگر آپشنز استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔