پاکستان نے طالبان سے متعلق افغان آرمی چیف کا بیان مسترد کر دیا

Ahmed Chaudhry

Ahmed Chaudhry

اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد ترجمان دفتر خارجہ اعزاز احمد چودھری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ افغان آرمی چیف کا پاکستان پر طالبان کو کنٹرول کرنے اور افغانستان کیخلاف استعمال کرنے کا الزام بے بنیاد ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان اعزاز احمد چودھری نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ افغان آرمی چیف کا طالبان کو کنٹرول کرنے اور افغانستان کیخلاف استعمال کرنے کا بیان بے بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان مفاہمتی عمل کیلئے پاکستان کی کوششیں سب کے سامنے ہیں۔

پاکستان افغان حکومت کی درخواست پر افغان مفاہمتی عمل کیلیے تعاون کر رہا ہے اور افغانستان میں امن و استحکام کیلیے عالمی برادری سے تعاون جاری رکھے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان گزشتہ چند ماہ میں افغانستان کے جھوٹے الزامات کے باوجود ذمہ داری کا مظاہرہ کرتا رہا ہے۔ امید ہے افغان حکام پاکستان کے خلاف الزام تراشی سے باز رہیں گے۔