پتھر کے د و ر میں رہنے پر اصرار

Pakistan

Pakistan

تحریر : ایم سرور صدیقی

پاکستان شاید دنیا کا ایک منفرد ملک ہے جہاں روزہنگامے معمول بن گئے ہیں شہر شہر احتجاج، مظاہرے اور جلسے، جلوس ، ریلیاں۔۔۔ عوام کا سڑکوںپر آنے سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوتاہے اور سرکاری املاک کا نقصان بھی ۔۔کبھی کبھی احتجاج میں شدت آ جائے تو آنسو گیس پھینکی جاتی ہے ہوائی فائرنگ، بسا اوقات لوگ زخمی اور ہلاک بھی ہو جاتے ہیں ۔معاملہ کی گھمبیرتا کا سبھی کو احساس ہے ،ہر کوئی زبان سے تسلیم بھی کرتاہے۔پورا ملک تکلیف میں ہے اور معیشت کا براحال کارخانے ،فیکٹریاں ،ادارے بندہونے سے بیروزگاری میں مسلسل اضافہ۔۔شکایت کا انبار، گلے شکوے، محرومیوں کا رونا روتے رہناشاید فیشن بن گیا ہے لیکن جن کے پاس اختیارہے ان میں سے جن کے مخصوص مفادات ہیں انہوںنے کچھ نہ کرنے کی قسم کھا رکھی ہے

کچھ نے ڈرکے مارے مستقل چپ کا روزہ رکھ لیاہے، کئی گم سم ہیں۔۔ اوراکثریت کا حال یہ ہے کچھ نہ کرنا۔کچھ نہ کرنے دینا۔کچھ نہ سوچنا ۔۔کڑھتے رہنا مقدر جان لیاہے۔۔ بشر بشربے سکون ۔۔ دن کو چین نہ رات کو قرار ۔۔یہ تکلیف گواراہے بجلی پاکستان کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ بناہواہے نئے آبی ذخائر کی ضرورت سب کو ہے اہمیت سے سب آشنا پھر سال ہا سال سے کالا باغ ڈیم بننے کی کیوں مخالفت ہورہی ہے؟ گذشتہ دنوں ڈاکٹر طاہرالقادری نے بجلی بنانے کے 12 فارمولے دئیے سیاست سے ہٹ کر جو منصوبے قابل ِ عمل ہوں ان پر تو کچھ نہ کچھ ایکشن لیا جائے دشمن ہی نہیں کچھ اپنے ہم وطن پاکستان کو پتھرکے دور میں واپس بھیجنا چاہتے ہیں انہیں اس بات کا ادراک بھی ہے کہ بجلی پاکستان کیلئے زندگی اور موت کا مسئلہ بنا ہوا ہے

اس وطن میں ملک و قوم کے مجموعی مفاد پر بھی سیاست ہورہی ہے بدقسمتی سے سمجھانے والا کوئی نہیں اور اب تو اس کے بھیانک نتائج بھی برآمد ہو رہے ہیں تھرپارکر میں ہرسال سینکڑوں ہلاکتیں ،قحط سالی، بوند بوند کو ترستے چرند، پرند اور بھوک سے بلکتے بچے۔۔۔ چولستان اور دور دراز کے علاقوں کی صورت ِ حال بھی اس سے مختلف نہیں مگر با اختیار لوگوں کی وہی تنی گردن اور کالا باغ ڈیم نہ بنانے کی گردان ۔ہرقسم کے احساس سے عاری جذبات ۔۔اس کے بر عکس بے اختیاروںکی آہ وبکاہ،آہیں ،سسکیاں اور بددعائیں بھی رنگ نہیں لاتیں۔۔

اس اجتماعی بے حسی پردل خون کے آنسوروتاہے کہ پنجاب کا روزانہ لاکھوں کیوسک پانی ضائع ہورہاہے جس سے ہزاروں ایکڑ اراضی سیراب کی جاسکتی ہے لہلہاتی کھیتیاں 20 کروڑ پاکستانیوں کی غذائی ضروریات سے زیادہ اجناس پیدا کر سکتی ہے جس سے ملک میں خوشحالی در آئے گی حیف صد حیف ! جو پانی کارآمد لایا جا سکتاہے وہ دریائوں میں جاکرضائع ہورہاہے قوم پرستوںکو صرف اپنی سیاست چمکانے سے غرض ہے مخصوص نظریات پر راسخ ہوکر لکیر کے فقیر بنے رہنا آپ سے آپ سے دشمنی ہے کاش ٹھنڈے دل و دماغ سے سوچیں دنیا قیامت کی چال چل رہی ہے اور ہم ہیں کہ ابھی تک لوڈشیڈنگ کا رونا روتے پھرتے ہیں جب تک نئے آبی ذخائر قائم نہیں کئے جاتے یہ تو رونا مستقل ہے

عقلی دلیلیں،زمینی حقائق،حالات کی نزاکت اور دم توڑتی معیشت بارے سب جانتے ہیں قوم پرستوں کا کیا کیجئے جنہوںنے قسم کھا رکھی ہے کالاباغ ڈیم کسی قیمت پرنہیں بننے دیں گے یہ منصوبہ جتنا قابل ِ عمل ہو اس پرکام کرنے دیا جائے اس کے مضمرات و فوائد پر بات ہو سکتی ہے سب سے بڑھ کر اجتماعی فائدے کیلئے کچھ قربانی بھی دینا پڑے تو سودا مہنگا نہیں ہوتا سمجھ نہیں آتی اپنے ہی بچوں کے مستقبل سے کھیلنا کہا ںکی عقلمندی ہے بغور جائزہ لیا جائے تو یقینا دل گواہی دے گا یہ قوم پرستی نہیں قوم دشمنی ہے

خوشہ چینوں سے کہو روک لیں ہاتھوں کو یہی
پھل تمہارے ہی سہی پیڑتو پھل جانے دو

ہنگامے، احتجاج ، مظاہرے، جلسے، جلوس ، ریلیاں اور جلائو گھیرائو بدامنی گواراہے لیکن مسئلے کا اصل حل کیوں تلاش نہیں کیا جا تا۔۔۔ خدارا!سوچئے کیاچند لوگوںکی ہٹ دھرمی کی سزا پورے پاکستان کو دینا انصاف ہے؟ ۔۔اندھیرے کب تلک ہمارا مقدر بنے رہیں گے۔۔۔ایٹمی قوت ہونے کے باوجود ہمیںپتھر کے دور میں کیوں دھکیلا جارہاہے؟ ناقد کہتے ہیں ڈیم تو اور بھی بنائے جا سکتے ہیں بجلی حاصل کرنے کے اور بھی ذرائع ہیں بھاشا۔۔نیلم ۔ونڈ ،تھرمل ،سولر۔۔کوئلے سے بھی بجلی پیدا کی جا سکتی ہے پھر کالا باغ ڈیم پرہی اصرار کیوں؟بھاشا ڈیم کی حقیقت سے لوگ شایدہی واقف ہوں یہ ”ٹکے کی بڑھیا روپیہ سر منڈوائی ”کی جیتی جاگتی کہاوت ہے

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

ضیاء الحق سے لے کر نواز شریف تک کم وبیش 6 صدور اور وزرائے اعظم اس منصوبے کا افتتاح کرچکے ہیں سب کے ناموںکی الگ الگ تختیاں اویزاں ہیں کچھ کی باقیات اب بھی موجود ہوں گی کروڑوں روپے صرف کئے جانے کے باوجود تاحال ایک یونٹ بھی پیداوار نہیں،زرداری دور میں اربوں کا پراجیکٹ ونڈ (ہوا سے بجلی )کااعلان کیا گیا اس کا حشر بھی نہ جانے کیا ہوا کوئی نہیں جانتا۔ کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کیلئے ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر مبارک ثمرمند نے ایک انقلابی پروگرام دیاوہ اس کیلئے فنڈز مہیا کرنے کیلئے دہائی دیتے رہے کسی کے سرپر جوں تک نہیں رینگی۔ موجودہ حکومت نے بھی بہت سے پاور پراجیکٹ کااعلان کررکھاہے ۔بیشتر ماہرین کا کہناہے

پانی سے بجلی پیدا کرنا زیادہ سہل اور سستاہے اور اس کیلئے محل وقوع، پانی کی قدرتی گذرگاہ اور نتائج کے اعتبار سے کالا باغ ڈیم ہی The Bestہے روزانہ لاکھوں کیوسک پانی ضائع ہورہاہے جس سے ہزاروں ایکڑ اراضی سیراب کی جاسکتی ہے لہلہاتی کھیتیاں 20 کروڑ پاکستانیوں کی غذائی ضروریات سے زیادہ اجناس پیدا کر سکتی ہے ۔بجلی پاکستان کے لئے زندگی اور موت کا مسئلہ بناہواہے ۔نہ جانے کیوں کچھ لوگوںکو ترقی گوارا نہیں۔۔ خدا جانے وہ ہمیںپتھر کے دور میں رہنے پر کیوں اصرار کررہے ہیں۔ قوم نے اگر ہنگامے، احتجاج ، مظاہروں، جلسے، جلوس ، ریلیوں، آنسو گیس اور گولیاں برسانے کو ہی زندگی سمجھ لیا ہے توکوئی کیا کرے ؟ حقیقت یہ ہے کہ جب دلوںسے احساس ِ زیاںہی جاتا رہے کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔

Sarwar Siddiqui

Sarwar Siddiqui

تحریر : ایم سرور صدیقی