پاکستان سمیت دنیا بھر میں فیس بُک ویب سائٹ،انسٹاگرام اور وَٹس ایپ ’’ڈاؤن‘‘

 Facebook, Instagram, WhatsApp

Facebook, Instagram, WhatsApp

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں سوموار کی شب صارفین کو سماجی رابطے کی بڑی ویب گاہ فیس بُک اوراس کی ذیلی دوایپس وٹس ایپ اور انسٹاگرام پر رابطے میں دشواری کا سامنا ہے اور یہ انٹرنیٹ کے ذریعے کونیکٹ نہیں ہورہی ہیں۔

فیس بک، انسٹاگرام اور وَٹس ایپ تینوں دنیا کے بیشتر ملکوں میں بند ہوچکے ہیں۔فیس بک کا کہنا ہے کہ وہ اپنی سائٹ کودرپیش مسائل سے آگاہ ہے اور انھیں ٹھیک کرنے کے لیے کام کیا جارہاہے۔

فیس بک ویب اور ایپ کے ساتھ ساتھ انسٹاگرام اور وَٹس ایپ نے بھی دنیا میں بہت سی جگہوں میں سوموار کی شب کام کرنا بند کردیا ہے۔

کمپنی کے ترجمان نے بتایا کہ صارفین کو درپیش اس مسئلے پرمعذرت کی ہے لیکن اس بات کا کوئی اشارہ نہیں دیا کہ بندش کیوں شروع ہوئی یا اسے ٹھیک کرنے میں کتنا وقت لگ سکتا ہے۔

ترجمان اینڈی سٹون نے ٹویٹرپرلکھا ہے:’’ہمیں معلوم ہے کہ کچھ لوگوں کو ہماری ایپس اور مصنوعات تک رسائی میں دشواری کا سامنا ہے۔ ہم جلدسے جلد حالات معمول پر لانے کے لیے کام کررہے ہیں اور ہم کسی بھی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔‘‘

یہی بیان کچھ دیر کےبعد فیس بک کے آفیشل ٹویٹر پیج پر بھی پوسٹ کیا گیا تھا۔انسٹاگرام نے بھی اسی طرح کی اپ ڈیٹ شیئر کی ہے۔

اس نے اپنے صفحے پرلکھا کہ ’’انسٹاگرام اور دوستوں کواس وقت تھوڑاسا مشکل وقت درپیش ہے اورآپ کوایپس کااستعمال کرتے ہوئے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔‘‘

وَٹس ایپ نے بھی اپنے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ کے ذریعے صارفین کواپ ڈیٹ کیا اور لکھا ہے کہ ’’ہمیں معلوم ہے کہ اس وقت کچھ لوگوں کو وَٹس ایپ کے استعمال میں مسائل کا سامنا ہے۔ہم چیزوں کو معمول پر لانے کے لیے کام کر رہے ہیں اوربہت جلد یہاں اپ ڈیٹ جاری کریں گے۔آپ کے صبرکا شکریہ‘‘۔