پسرور:چاروا سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ،7 شہری زخمی

Pasrur Sectors

Pasrur Sectors

پسرور (جیوڈیسک) بھارتی فوج کی جانب سے سرحد پر بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے پسرور کے چاروا سیکٹر میں بھارتی فوج نے بلااشتعال فائرنگ کی ہے۔ ذرائع کے مطابق چاروا سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی جس سے 7 شہری زخمی ہو گئے۔ اس سے قبل قصور کے سرحدی گاوں میں بھارتی فائرنگ سے تین افراد زخمی ہو گئے۔ سیالکوٹ اور نارووال سیکٹر میں فائرنگ سے پریشان شہریوں نے نقل مکانی شروع کر دی ہے۔

رینجرز ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے کل شام قصور سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس سے دمالا گاوٴں کے تین افراد زخمی ہوگئے۔ پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی پر بھارتی گولہ باری بند ہو گئی۔ دوسری جانب سیالکوٹ اور نارووال سیکٹر میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا سلسہ 5 روز سے جاری ہے جس نے شہریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے۔ رات ڈھلتے ہی بھارتی سیکیورٹی فورس آبادی کی جانب بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری شروع کر دیتی ہے۔ جس کے باعث شہری اندھیرا ہوتے ہی گھروں میں محصور ہو جاتے ہیں۔

چناب رینجرز بھی بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیتی ہے۔ بھارتی جارحیت سے متاثرہ چپراڑ، بجوات، سجیت گڑھ، عمرانوالی اور شکر گڑھ سیکٹروں کے مکینوں یں سخت تشویش پائی جاتی ہے۔ فائرنگ اور گولہ باری سے گھروں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے۔ بجوات اور عمرانوالی سیکٹروں سے تو لوگ بڑی تعداد میں نقل مکانی بھی کرگئے ہیں۔ بلا اشتعال بھارتی فائرنگ کا یہ سلسلہ 15 اکتوبر سے شروع ہوا جس میں اب تک رینجرز کے ایک جوان سمیت دو پاکستانی شہری جاں بحق اور دو زخمی ہو چکے ہیں۔