ماضی میں خارجہ پالیسی بیرون ملک کالز پر بنیں: وزیراعظم

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

خیر پور ٹامیوالی (جیوڈیسک) وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف فوجی اور سیاسی قیادت متحد ہے لیکن ڈرون حملے ہماری کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ وہ و قت گیا جب خارجہ پالیسی فون کال پر بنا کرتی تھی۔

وزیر اعظم نواز شریف پاک فوج کی مشقوں عزم نو فور کے معائنے کے لئے خیر پور ٹامیوالی پہنچنے۔ آرمی چیف جنرل پرویز کیانی نے وزیر اعظم کا شاندار استقبال کیا، وزیر اعظم جنرل پرویز کیانی کے ہمراہ فوجی جیپ میں سوار تھے۔ انہوں نے سفید شلوار قمیض اور پی کیپ پہن رکھی تھی۔ آرمی چیف خود جیپ ڈرائیو کر کے وزیر اعظم کو معائنے کی جگہ پر لائے ۔ اس موقع پر وزیر داخلہ چوہدری نثار اور دیگر اعلی فوجی حکام بھی موجود تھے۔

وزیر اعظم کی آمد پر قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔ پاک فوج کی مشقوں کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا وہ امن کو موقع دے کر خون ریزی اور دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ڈرون حملے ملکی سلامتی اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں اور دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ ماضی میں خارجہ پالیسی بیرون ملک سے آنے والے فون پر بنا کرتی تھیں لیکن اب وہ وقت گزر گیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا افواج پاکستان نے ہر مشکل وقت میں قوم کا ساتھ دیا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے وہ پاک فوج کیلئے جنرل اشفاق پرویز کیانی کی خدمات کو سراہتے ہیں۔ اس موقع پر آرمڈ کور انفینٹری کے میکنائزڈ یونٹ نے زبردست فائر پاور کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اہداف کو تباہ و بر باد کیا۔ آرمی ایوی ایشن اور آرٹلری کے علاوہ پاکستان ایئر فورس کے جیٹ طیاروں نے بھی مشقوں میں حصہ لیا۔

پاک فوج کے جوانوں نے کاندھے سے میزائل فائر کر کے ڈرون مار گرانے کا کامیاب مظاہرہ بھی کیا۔ عزم نو فور جنگی مشقیں بھارت کی نئی جنگی حکمت عملی، کولڈ سٹاٹ، کو ناکام بنانے کے نقطہ نظر سے کی گئیں۔ مشقوں کا آغاز 2010 میں کیا گیا ان سے پہلے 2 ہفتے کی وار گیمز کا بھی انعقاد کیا گیا۔