پیپلز یونٹی کا احتجاج، پی آئی اے پروزاوں کا شیڈول متاثر

People s Unity Protest

People s Unity Protest

لاہور (جیوڈیسک) ایئر لیگ کے کارکنوں نے پیپلز یونٹی کے احتجاج کے بعد ان کے لاہور بکنگ آفس میں تعینات مینجر کی معطلی پر ریجنل آفس لاہور کے دفاتر میں تالا بندی کر دی۔ لاہور پی آئی اے میں مسلم لیگ (ن) کی ذیلی تنظیم ایئر لیگ اور پیپلز یونٹی میں دو روز جاری محاذ آرائی کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہو گیا۔ آج بھی لاہور ایئر پورٹ سے جانے والی پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔

دوسری طرف ایئر لیگ نے ریجنل آفس میں دفاتر کی تالا بندی کر دی اور کسی کو بھی کام نہیں کرنے دیا۔ لاہور ایئر پورٹ پر پیپلز یونٹی اور ایئر لیگ کے کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی بھی ہوئی تاہم انتظامیہ نے معاملات حل کرا دیئے۔ پیپلز یونٹی اور پی آئی اے انتظامیہ کے درمیان گزشتہ روز کے تنازے پر کامیاب مذاکرات کے باوجود قومی فضائی کمپنی کا فلائٹ شیڈول معمول پر نہیں آسکا ہے۔ لاہور میں کیبن کریو کے ڈیوٹی روسٹر تبدیل کرنے اور سی بی اے کارکنوں کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے ایف آئی آر درج کے خلاف پیپلز یونٹی نے گزشتہ روز چار گھنٹے تک آپریشن بند رکھا تھا۔

بعد ازاں انتظامیہ کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے بعد آپریشن بحال کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم آج صبح بھی ملازمین کی ڈیوٹی پر عدم موجودگی کے باعث کراچی ایئر پورٹ پر پروازوں کا شیڈول متاثر رہا۔ کراچی سے دبئی کی پرواز پی کے 214 میں ایک گھنٹے، دمام کی پرواز پی کے 242 میں 2 گھنٹے، اسلام آباد کی پرواز پی کے 300 ساڑھے تین گھنٹے اور ملتان کی پرواز پی کے 550 میں 2 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئیں۔ پروازوں کی روانگی میں تاخیر کے باعث تاخیرسے روانہ ہونے کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔