پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے حکمرانوں کی غریب کش پالیسی واضح ہو چکی ہے،روحیل اکبر

تحریک تحفظ پاکستان کے جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات روحیل اکبر نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ سے حکمرانوں کی غریب کش پالیسی واضح ہو چکی ہے اور انہی ٹھگ حکمرانوں کی وجہ سے ملک کے حالات انتہائی خراب ہو چکے ہیں کرپشن کا بازار گرم ہے جبکہ ناامیدی کی شکار بے سہارا عوام حکمرانوں کا پتلی تماشہ دیکھنے پر مجبور ہیں۔

انہیں دو وقت کی روٹی کمانا مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا ہے اپنے ایک جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ امن وعامہ کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہوچکی ہے۔ گیس اور بجلی کا بحران شدت اختیار کر تا چلا جارہا ہے جبکہ این آر او کے خالق مشرف کا آنا قانون اور انصاف کیلئے خوش آئندہوگا مگرمشرف ایسے اعلانات کئی بار کر چکے لیکن اپنے مظالم اوران کے حساب کاخوف انہیں بزدلی اور فرارپر مجبور کر دیتا ہے۔