سیاست کے فیصلے عدالتوں میں نہیں ہوتے: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

Shahid Khaqan Abbasi

Shahid Khaqan Abbasi

اسلام آباد (جیوڈیسک) شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے ن لیگ صرف وعدے نہیں بلکہ کام کر کے دکھاتی ہے۔ انہوں نے کہا ہزارہ موٹروے پر 34 ارب روپے خرچ ہو رہے ہیں، منصوبے سے پاکستان کے ایک کروڑ عوام کو فائدہ ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا سیاست کے فیصلے عدالتوں میں نہیں ہوتے، شیروانی سلوا کر رکھنے والوں کو بھی شرمندگی ہو گی، خیبرپختونخوا میں کون سی تبدیلی آئی ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پرویز مشرف اور زرداری دور کا کوئی ایک منصوبہ دکھا دیں، پی ٹی آئی اور پیپلزپارٹی بتائے وسائل کہاں خرچ کیے؟۔ ان کا کہنا تھا ہم نے کسی کو گالی نہیں دی بلکہ شرافت کی سیاست کی اور کام کر کے دکھایا، ایسے منصوبوں کیلئے وژن اور محنت چاہیئے جو نوازشریف نے کر کے دکھایا، خنجراب سے گوادر تک منصوبوں کا جال بچھا دیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے مزید کہا ہزارہ موٹروے کا منصوبہ علاقے میں ترقی اور خوشحالی لائے گا، 2030 تک پاکستان کو بجلی کے لیے خود کفیل کر دیا ہے، جتنی سڑکیں اس دور حکومت میں بنیں 66 سال میں نہیں بنیں۔ انہوں نے کہا15 جولائی کو الیکشن کے بعد دوبارہ مسلم لیگ ن کی حکومت آئے گی، عدالت کے فیصلوں پر بات نہیں کرنا چاہتا۔ وزیراعظم نے کہا سیاسی عدم استحکام نہ ہوتا تو پاکستان زیادہ ترقی کرتا، الیکشن وقت پرہوں گے اور حکومت عوام کے ووٹوں سے آئے گی۔