بجلی بحران ،نگراں وزیر اعظم کا ساڑھے 22 ارب جاری کرنے کا حکم

Acting Prime Minister

Acting Prime Minister

اسلام آباد(جیوڈیسک) اسلام آباد وزیراعظم نے وزارت خزانہ کو حکم دیا ہے کہ بجلی بحران کے حل کیلئے ساڑھے 22 ارب روپے فوری جاری کیے جائیں ، مشیر خزانہ شاہد امجد چودھری نے کل تک رقم جاری کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔

نگران وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کی زیر صدارت توانائی بحران پر اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں وفاقی وزیرپانی و بجلی مصدق ملک ، وزیر پٹرولیم سہیل وجاہت اور دیگر حکام نے شرکت کی۔وزارت پانی و بجلی کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بجلی بقایا جات کی وصولی ایک ماہ میں یقینی نہیں بنائی جا سکی ، ایندھن کی بروقت فراہمی نہ ہونے کے باعث بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا معاملہ سنگین ہو گیا ہے۔

اس وقت ملک میں 9 سے ساڑھے 9 ہزار میگا واٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے ،کل تک رقم مل گئی تو دو ہزار میگاواٹ بجلی مزید سسٹم میں آ جائے گی۔

نگراں وزیر اعظم نے وزارت خزانہ کو حکم دیا کہ بجلی بحران سے نمٹنے کیلئے ساڑھے 22 ارب روپے فوری جاری کئے جائیں اور قادرپور گیس فیلڈ کا مرمتی کام مکمل ہونے تک گیس کے متبادل ڈیزل کی فراہمی کیلئے بھی رقم جاری کی جائے۔