بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف آج بھی مظاہرے

Load Shading Demonstration

Load Shading Demonstration

لاہور (جیوڈیسک) بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں آج بھی مظاہرے کئے گئے۔ فیصل آباد میں پاور لومز کے مزدور احتجاجا مرغا بن گئے۔ملک میں بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ پر عوام سراپا احتجاج ہیں۔ فیصل آباد کے صنعتی سیکٹر میں 8 سے دس گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے خلاف پاور لومز مزدوروں نے فیض آباد گرڈ اسٹیشن کا گھیراو کر لیا۔

مظاہرے میں شریک بعض افراد مرغا بن گئے۔ مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ صنعتوں کے لئے چار گھنٹے لوڈشیڈنگ کا شیڈول بحال کیا جائے۔ڈیرہ غازی خان میں لوگ 18، 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ کا عذاب جھیل رہے ہیں۔ صبر کا پیمانہ لبریز ہونے پرآج بھی شہر کے مختلف علاقوں میں احتجاج کیا گیا۔

میپکو آفس کے باہر احتجاج کرنے والے مظاہرین نے دفتر پر پتھراو بھی کیا۔نوشہرہ میں لوڈشیڈنگ اور رشکئی میں خراب ٹرانسفارمر ٹھیک نہ کیے جانے کے خلاف مردان روڈ پر احتجاج کیا گیا۔ کوہاٹ میں بجلی کی بندش کے خلاف لوگ بنوں روڈ پر نکل آئے اور مظاہرہ کیا۔بنوں میں لوڈ شیڈنگ کے خلاف مظاہرین نے ڈیرہ اسماعیل خان۔ بنوں روڈ بند کردی جس سے سڑک پر گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔