کچھ طاقتیں پاکستان اور افغانستان میں امن نہیں چاہتیں: وزیر خارجہ

 Shah Mahmood Qureshi

Shah Mahmood Qureshi

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان امن عمل میں سنجیدہ ہے لیکن کچھ طاقتیں پاکستان اور افغانستان میں امن نہیں چاہتیں۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ امریکا میں بات ہوئی تھی کہ پاکستان امن عمل میں سنجیدہ ہے اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو تسلیم بھی کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ کچھ طاقتیں پاکستان اور افغانستان میں امن نہیں چاہتیں لیکن امن عمل میں رخنہ اندازی کرنے والی قوتوں کو جلد بےنقاب کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان خان نے افغان امن عمل میں کردار کی خواہش کااظہار کیا لیکن افغان قیادت کو ان کی خواہش سمجھ نہیں آئی۔

وزیرخارجہ کے مطابق پاکستان کے طالبان سے براہ راست مذاکرات پر افغان صدر کے چند تحفظات تھے جو وزیراعظم نے دور کردیے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم امریکا کچھ مانگنے نہیں گئے تھے بلکہ وہاں بہتر تعلقات کی بنیاد رکھنے اور غلط فہمیاں دور کرنے گئے تھے۔