ن لیگ ایک بار پھر پیپلز پارٹی کے ہاتھوں ذبح ہو گئی: فردوس عاشق اعوان

Firdous Aashiq Awan

Firdous Aashiq Awan

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف بن چکے، مسلم لیگ ن ایک بار پھر پیپلز پارٹی کے ہاتھوں ذبح ہو گئی ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ رائیونڈ میں سری پائے کھا کر ن لیگ والوں نے نیب پر حملہ آور ہونا تھا لیکن یہ منصوبہ ناکام ہو گیا، دوسری طرف پیپلز پارٹی سینیٹ میں کامیاب ہو گئی۔

ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ رائیونڈ میں پہلے ہی مریم اور حمزہ لیگ چل رہی ہے، داماد لیگ بھی آگئی تو بڑا مسئلہ ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم والوں نے مولانا فضل الرحمان کو کنویں میں پھینک دیا ہے، یوسف رضا گیلانی سینیٹ میں قائد حزب اختلاف بن گئے ہیں، مسلم لیگ ن ایک بار پھر پیپلز پارٹی کے ہاتھوں ذبح ہو گئی ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پنجاب میں کورونا کیسز شدت اختیار کر رہے ہیں اور زیادہ مثبت کیسز آنے والے علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا جا رہا ہے۔