’پیپلز پارٹی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے پی ڈی ایم کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے‘

Ahsan Iqbal

Ahsan Iqbal

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کے لیے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے فیصلے کا احترام کرنا چاہیے۔

مزار اقبال پر حاضری کے بعد میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے واضح کیا کہ ن لیگ بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کے کسی بیان پر تبصرہ نہیں کرے گی۔

مریم نواز کی نیب عدالت میں پیشی کے حوالے سے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمان نے سب کو مر یم نواز کے ہمراہ نیب آفس جانے کی دعوت دی ہے، نیب کرپشن فری نہیں اپوزیشن فری پاکستان بنانا چاہتا ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی میٹنگ میں فیصلہ ہوا تھا کہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر ن لیگ کا ہو گا، پیپلز پارٹی سندھ حکومت بچانا چاہتی ہے تو پہلے قومی اسمبلی سے استعفے دے۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے فیصلے کے حوالے سے پی ڈی ایم کے فیصلوں کا احترام کرنا چاہیے، قوم پی ڈی ایم کو نقصان پہنچانے والے کو معاف نہیں کرے گی۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا ہدف عمران خان جبکہ آئین، ووٹ اور عوام کے حقوق کا احترام ہماری جدوجہد کی بنیاد ہے۔