صدر کا پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کاروباری وفود کے مزید تبادلوں کی ضرورت پر زور

Dr. Arif Alvi

Dr. Arif Alvi

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کاروباری وفود کے مزید تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

اس امر کا اظہار انھوں نے پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی سے منگل کے روز گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں ان سے ملاقات کی۔

سعودی سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے صدر نے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان قریبی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات پر زور دیا اور معیشت کے مختلف شعبوں کو اجاگر کیا جہاں سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ سعودی سفیر دوطرفہ تجارت میں اضافے کیلئے اہم کردارادا کرسکتے ہیں۔

سعودی سفیر نے وزیراعظم کے سعودی عرب کے دو حالیہ دوروں کے بارے میں صدر کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورے انتہائی کامیاب ثابت ہوئے اور ان سے دونوں ملکوں کے درمیان کثیر جہتی اقتصادی تعاون کو فروغ ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے وزیر توانائی جلد ہی پاکستان کا دورہ کریں گے اور تیل صاف کرنے کا کارخانہ قائم کرنے سے متعلق مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کریں گے۔

انہوں نے پاکستان میں امن وامان کی صورتحال اور غیرملکی سرمایہ کاروں کو معیشت کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش سے متعلق حکومتی اقدامات کو سراہا۔

سعودی سفیر نے ملک میں دہشت گردی کو شکست دینے کیلئے پاک فوج کے کردارکو سراہا جس کے نتیجے میں دیرپا امن قائم ہوا اور معیشت بحال ہوئی۔