صدر، وزیراعظم کا یومِ دفاع پر پاک فوج سے بھر پور یکجہتی کا اظہار

 Defence Day

Defence Day

لاہور (جیوڈیسک) آج ملک بھر میں یومِ دفاع روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے۔ اس موقع پر صدر پاکستان ممنون حسین نے اپنے خصوصی پیغام میں ملکی دفاع اور وقار کی خاطر ڈٹ جانے والے سپاہیوں، غازیوں اور شہیدوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بہادر مسلح افواج اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔ وزیراعظم نواز شریف نے قوم کو یقین دلایا کہ موجودہ جمہوری حکومت اپنی مسلح افواج کی ضروریات پوری کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پاک فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔

اس سے قبل پورے ملک میں آج دن کا آغاز مساجد میں ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کے ساتھ ہوا۔ لاہور میں مزارِ اقبال پر گریژن کمانڈر میجر جنرل عامر عباسی نے حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی درج کیے۔

دوسری جانب لاہور میں ہی میجر شبیر شریف شہید کے مزار پر بھی ایک تقریب منعقد ہوئی، جس میں جنرل آفسیر کمانڈرنگ میجر جنرل فدا حسین نے پھولوں کی چادر چڑھائی اور سلامی دی۔ یوم دفاع کے حوالے آج مختلف ٹی وی چینلز اور ریڈیو پر خصوصی پروگرام نشر کیے جائیں گے۔