صدر زرداری کو کل ا یوان صدر اسلام آباد میں گارڈ آف آنر دیا جائے گا

President Zardari

President Zardari

اسلام آباد (جیوڈیسک) صدر آصف علی زرداری کو آئینی مدت پوری ہونے پر کل ایوان صدر اسلام آباد میں گارڈ آف آنر دیا جائے گا۔ وہ پہلے جمہوری صدر ہیں جنہیں آئینی مدت پوری کرنیکا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ صدرمملکت آصف علی زرداری کو گارڈ آف آنرکی تقریب ایوان صدرمیں ہوگی۔ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی صدر کو الوداعی سلامی کیساتھ ہی ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری کی مصروفیات اپنے اختتام کو پہنچ جائیں گی، رات بارہ بجے ان کے نام کے ساتھ سابق صدر کا لاحقہ لگنے لگے گا۔

اس طرح وہ پاکستان کی چھیاسٹھ سالہ تاریخ میں پہلے جمہوری حکمران ہوں گے جنہیں بطور صدر پاکستان اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کرنے کا اعزاز حاصل ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق گارڈ آف آنر لینے کے بعد آصف زرداری ایوان صدر سے لاہور روانہ ہو جائیں گے جہاں وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماوں کے اجلاس کی صدارت کریں گے اور اس کے ساتھ ہی ان کی سیاسی زندگی کا ایک نیا سفر شروع ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق 9 ستمبر کو آصف علی زرداری نئے منتخب صدر ممنون حسین کی تقریب حلف برداری میں بطور سابق صدر شریک ہوں گے اور یہ لمحات بھی ایک اہم سنگ میل کے طور پر پاکستان کی جمہوری تاریخ کا ہمیشہ کے لیے حصہ بن جائیں گے۔