وزیراعظم کی ہدایت پر پاکستان کی طرف سے افغانستان کے لیے امداد کی ترسیل شروع

Afghanistan Aid

Afghanistan Aid

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ امدادی سامان لے کر کابل پہنچ گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، حکومت پاکستان کی طرف سے افغان عوام کے لیے امداد کی ترسیل کا آغاز کیا جا چکا ہے، جس کے لیے پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ کابل پہنچ گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کا بتانا ہے کہ امدادی پیکج میں تقریباً 10 ٹن آٹا ، 1.5 ٹن گھی اور ادویات شامل ہیں۔

اس حوالے سے کابل میں موجود گفتگو کرتے ہوئے افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں خوراک اورادویات کی قلت پیدا ہو رہی ہے جس کے پیش نظر افغانستان کو 26 میٹرک ٹن امدادی اشیا دی جائیں گی۔

منصور احمد کا مزید کہنا تھا کہ عالمی برادری کو بھی مشکل وقت میں افغانستان کی مدد کرنی چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی جانب سے انسانی بنیادوں پر افغانستان کی مدد کا فیصلہ کیا گیا تھا جس کے پیش نظر ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ افغانستان کے عوام کے لیے خوراک اور ادویات کی امدادبھجوائی جارہی ہے، امدادی سامان تین سی 130 طیاروں کے ذریعے افغانستان بھجوایا جارہا ہے۔