وزیراعظم نواز شریف آج بیجنگ میں چینی صدر سے ملاقات کریں گے

Nawaz Sharif - Chinese President

Nawaz Sharif – Chinese President

بیجنگ (جیوڈیسک) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف پہلے سرکاری دورے پر چین پہنچ گئے ہیں، وہ آج بیجنگ میں چینی صدر سے ملاقات کریں گے، چینی تاجروں سے بھی ملیں گے اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیں گے۔ میاں نواز شریف چینی وزیر اعظم لی کی چیانگ کی دعوت پر پہلے غیر ملکی سرکاری دورے پر چین پہنچے ہیں۔ بیجنگ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ان کا پرجوش استقبال کیا گیا، اس موقع پر نائب چینی وزیر خارجہ موجود تھے۔

روایتی لباس میں ملبوس دو بچوں نے وزیر اعظم پاکستان اور خاتون اول بیگم کلثوم نواز کو گلدستے پیش کیے ، پیپلز لبریشن آرمی کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ وزیر اعظم 4 اور 5 جولائی کو بیجنگ میں چینی وزیر اعظم کے علاوہ دیگر اعلی حکام، مالیاتی اداروں اورکارپوریٹ شعبے کے حکام، سرمایہ کاروں اور تاجروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم 6 جولائی کو شنگھائی میں توانائی کانفرنس میں شرکت کریں گے جب کہ 7 جولائی کو صنعتی شہر گانزو کا دورہ کریں گے۔

وزیر اعظم کی چینی قیادت کیساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی تعاون، پاک چین ٹریڈ کوریڈور، توانائی بحران، اسٹریٹجک تعاون، ٹیکسٹائل، انجینئرنگ، انفرا اسٹرکچر سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پربات چیت کی جائے گی۔ سول نیوکلیئر ٹیکنالوجی کی فراہمی پر بات چیت کے علاوہ وزیراعظم چین کی کمپنیز کو کوئلے اور شمسی توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ترغیب بھی دیں گے۔ کراچی سے پشاور تک بلٹ ٹرین منصوبے پر بھی چین سے تعاون طلب کیے جانے کا امکان ہے۔

پاکستان اور چین کے درمیان اس وقت 12 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان اب تک 400 کے قریب معاہدے ہیں جن میں سے صرف 40 پر عمل ہو رہا ہے۔