وزیراعظم کا آئندہ ماہ دورہ چین کا امکان

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف آئندہ ماہ چین کا دورہ کر سکتے ہیں جس کے دوران وہ چینی کاروباری شخصیات کو پاکستانی ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیں گے۔

اتوار کو ایک نیوز کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے متعلقہ وزارتیں کام کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران وزیراعظم چینی تاجروں کو پاکستان کے انفراسٹر کچر میں سرمایہ کاری کرنے کے لیے آمادہ کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ دہشت گردی، خود کش بمباری اور ڈرون حملے جنرل پرویز مشرف کے تحفے ہیں جنہوں نے امریکا کا کابل فتح کرنے کے لیے پاکستان استعمال کرنے کی اجازت دی، جو نواب اکبر بگٹی اور بے نظیر بھٹو کے قتل میں ملوث تھے اور جو کارگل کے واقعہ کے ماسٹرمائنڈ تھے۔

انہوں نے کہا کہ 15 سال قبل 12 اکتوبر کو ایک منتخب وزیر اعظم کو ایٹمی طاقت بنانے پر برخاست کردیا گیا۔ ’اب وہی لوگ جنہوں نے جنرل مشرف کی حکومت کی حمایت کی، جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔ یہ لوگ صرف خوشحال پاکستان کی گارنٹی ہی دے سکتے ہیں۔‘

انہوں نے ’دھرنے کے شوقین‘ سیاست دانوں کو تجویز دی کہ وہ ’شیڈو کابینہ‘ بناکر حکومت کو مشکل وقت دے سکتے ہیں۔ انہوں نے عمران خان پر زور دیا کہ ملتان میں تحریک انصاف کے جلسے میں ‘بدانتظامی‘ کی تحقیقات کروائی جائیں جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے۔