NA133 ؛ پی ٹی آئی کے جمشید چیمہ کے کاغذات مسترد

Jamshed Iqbal Cheema

Jamshed Iqbal Cheema

لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) تحریک انصاف کوجھٹکا لگ گیا،این اے 133 سے پی ٹی آئی کے جمشید اقبال چیمہ کے کاغذ ات نامزدگی پر لیگی امیدوار کے اعتراض کے بعد ریٹرننگ آفیسر نے کاغذات مسترد کر دیئے۔

ریٹرننگ آفیسر نے فیصلے میں کہا جمشید چیمہ اور مسرت چیمہ کے تجویز کنندہ کا تعلق این اے 133سے نہیں، لیگی امیدوار شائستہ پرویز ملک نے جمشید اقبال چیمہ کے تجویز کنندہ پر اعتراض اٹھایا۔

وکیل نے کہا تجویز کنندہ محمد بلال ماڈل ٹاؤن این اے 130کا رہائشی ہے جبکہ الیکشن این اے 133میں ہو رہا ہے، تائید کنندہ اورتجویز کنندہ کے متعلق عدالت عظمی اور الیکشن کمشن کے فیصلے موجود ہیں، دونوں کو موجودہ حلقے سے ہونا چاہیے۔
متبادل امیدوار مسرت جمشید چیمہ کے کاغذات بھی مسترد ہو گئے۔دوسری جانب تحریک انصاف نے فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا اعلان کر دیا۔

علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری نے کہا ایک ووٹ اٹھا کر دوسری جگہ منتقل کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ،ن لیگ تکنیکی کاموں کے پیچھے چھپنے کی کوشش نہ کرے،کارکن الیکشن کی تیاری رکھیں ہم انتخاب کے اندر موجود ہیں۔

دریں اثنان لیگ کے رہنمائوں خواجہ سعد رفیق،علی پرویز ملک و دیگر نے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا مقبولیت کی دعویدار تحریک انصاف کو تجویز اور تائید کنندہ میسر نہیں ، امن و امان کو جواز بنا کر الیکشن کمیشن کو ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کیلئے خط لکھنا ثابت کرتا ہے حکومت فرار چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن ملتوی نہیں ہونے دینگے،جب کوروناعروج پر تھا اس وقت ضمنی انتخابات ہوئے، شیڈول کے مطابق 5دسمبر کو انتخاب ہونا چاہیے ، این اے 133میں الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا کسی صورت اطلاق نہیں ہو سکتا۔