تحریک انصاف،جماعت اسلامی کی انتخابی عذرداریوں کی سماعت ملتوی

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن ٹربیونل میں این اے 253، این اے 257 اور پی ایس 119 سے ایم کیو ایم کے امیدواروں کی کامیابی کے خلاف تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے ناکام امیدواروں کی انتخابی عذرداریوں کی سماعت ملتوی کر دی گئی۔

الیکشن ٹربیونل کے سربراہ ڈاکٹر ظفر احمد خان شیروانی نے این اے 253 سے ایم کیو ایم کےمزمل قریشی کی کامیابی کے خلاف عذرداری کی سماعت کی اور 6 نومبر تک سماعت ملتوی کرتے ہوئے درخواست گذار اسد اللہ بھٹو کو مدعا علیہ کے جواب کی نقول دو دن میں فراہم کرنے کا حکم دیا۔ٹربیونل نے این اے 257 سے ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی ساجد قریشی کی کامیابی کے خلاف سماعت 7 نومبر تک ملتوی کر دی۔

جماعت اسلامی کے ناکام امیدوار توفیق الدین نے ساجد قریشی کی کامیابی کو چیلنج کیا ہے۔ ٹربیونل نے پی ایس 119 سے ایم کیو ایم کے ارتضی حیدر کی کامیابی کے خلاف انتخابی عذرداری کی سماعت بھی 9 نومبر تک ملتوی کر دی۔ ارتضی حیدر کی کامیابی کو جماعت اسلامی کے راشد منان نے چیلنج کیا ہے۔