تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں لیکن افسوس وہ ایسا نہیں کرتے، وزیراعظم

Nawaz Sharif,Meeting

Nawaz Sharif,Meeting

اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے (ن) لیگ کے ارکان اسمبلی کو خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں حصہ لینے سے روک دیا۔

وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت (ن) لیگ کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار،وزیر اطلاعات پرویز رشید،وزیر دفاع خواجہ آصف،وزیر ریلوے خراجہ سعد رفیق، وزیراعلیٰ پنجاب، شہبازشریف، راجہ ظفر الحق اور حمزہ شہباز شریف دیگر پارٹی رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال، تحریک انصاف کے آزادی مارچ اور عوامی تحریک کے انقلابی مارچ پر تبادلہ خیال اور حکومتی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ اگر خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی جائے تو (ن) لیگی ارکان اس کا حصہ نہ بنیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں اور ہماری خواہش ہے کہ خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت اپنی مدت پوری کرے۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھاکہ (ن) لیگ تحریک انصاف کے مینڈیٹ کا احترام کرتی ہے مگر افسوس کہ وہ ہمارے مینڈیٹ کا احترام نہیں کرتے۔