بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان، سردی میں اضافہ ہو گا

Snowfall

Snowfall

لاہور (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں راوں ہفتے کے اختتام پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے فروری میں ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرما کی تین سے چار اچھی بارشوں کی پیش گوئی کی ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعہ سے اتوار تک بلوچستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ ہفتہ سے پیر تک اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں اکثر مقامات پر بارش کا امکان ہے۔

اتوار سے سوموار کے دوران مری، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری متوقع ہے۔ اس دوران وادی نیلم میں شدید برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک کے اکثرعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔

سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکاڑد کیا گیا۔

گلگت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5، کوئٹہ منفی 3 اور مری میں کم سے کم درجہ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔