رمضان المبارک کے دوران روزہ دارکے سانس لینے کا ثواب بھی تسبیح کے برابر ہے، علامہ انصاری

اسلام آباد : ممتاز عالم دین اور مبلغ علامہ علی شیر انصاری نے کہا ہے کہ روزہ دارکی فضیلت یہ ہے کہ ماہ رمضان کے دوران اس کے سانس لینے کا ثواب بھی تسبیح کے برابر ہے اور اسے ایک آیت مبارکہ کی تلاوت کا ثواب ختم قرآن کے برابر ملتا ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ماہ رمضان المبارک کی مناسبت سے ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی سیکرٹریٹ میں جاری محافل دروس قرآن سے خطاب کے دوران کیا۔

محافل دروس قرآن کا یہ سلسلہ یکم رمضان المبارک کو شروع کیا گیا تھا اور ماہ صیام کے اختتام تک جاری رہے گا ۔علامہ انصاری نے کہا کہ خدا و وند عالم نے روزہ دار کو غیر اختیاری امور پر بھی ثواب دینے کا وعدہ فرمایا ہے، اگرروزہ دار صدق دل سے دعا کرے گا تو رد نہیں ہو گی۔

شرط یہ ہے کہ اللہ تعالی کی ذات پر کامل بھروسہ ہو اور پورے یقین کے ساتھ دعا مانگی جائے ۔ اگر دل حسد اور تکبر جیسی بری صفات سے آلودہ ہو تو دعائوں کو شرف قبولیت نہیں ملے گا، اس لیئے ضروری ہے ان مقدس ایام کی برکات سے مستفید ہونے کیلئے اپنی اصلاح کریں ، توبہ استغفار اور کثرت سے کلام الٰہی کی تلاوت آلودہ دلوں کو پاکیزہ وطاہر کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔