خام تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کا رجحان برقرار

Oil

Oil

لندن (جیوڈیسک) خام تیل کی عالمی قیمتوں میں منگل کو 4 فیصد سے زائد کمی کے بعد طلب میں کمی اور وافر سپلائی کی وجہ سے بدھ کو قیمتیں مزید گھٹ گئیں۔

گزشتہ روز یورپی برانڈ برینٹ نارتھ سی کروڈ 4 سال کی نئی کم ترین سطح 83.37 ڈالر اور امریکی آئل ڈبلیو ٹی او 2 سال سے زائد کی کم ترین سطح 80.37 ڈالر فی بیرل تک نیچے آ گیا تاہم بعد میں ریکوری ہوئی اور لندن میں دوپہر تک برینٹ نارتھ سی خام تیل کی آئندہ ماہ فراہمی کے لیے قیمت 98 سینٹ کی کمی سے 84.06 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ ڈبلیوٹی آئی کے نومبر میں ترسیل کے لیے نرخ 1.16 ڈالر گھٹ کر 80.68 ڈالر فی بیرل ہو گئے۔

واضح رہے کہ بین الاقوامی توانائی ایجنسی (آئی ای اے) کی جانب سے خام تیل کی عالمی طلب میں کٹوتی کے اعلان کے بعد منگل کو قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی تھی اور امریکی آئل 3.9 ڈالر (4.5 فیصد) کی کمی سے 81.84 ڈالر اور برینٹ اور 3.85 ڈالر (4.3 فیصد) کی کمی سے 85.04 ڈالر فی بیرل پر آگیا تھا۔