مہاجرین اٹلی بھیجے تو ہوائی اڈے بند کر دیں گے، سالوینی

Matteo Salvini

Matteo Salvini

اٹلی (جیوڈیسک) اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر جرمنی نے درجنوں مہاجرین کو اٹلی واپس بھیجنے کے مبینہ منصوبے پر عمل کیا تو روم حکومت جرمنی کے لیے اپنے ہوائی اڈے بند کر دے گی۔

آج اتوار کو ایک ٹویٹ پیغام میں سالوینی کا کہنا تھا کہ اُن کی حکومت مہاجرین کے لیے اپنے ایئر پورٹ بھی بالکل اسی طرح بند کر دے گی، جیسے اس نے اپنی بندرگاہوں کو بند کر رکھا ہے۔ بعض اطالوی نیوز رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ برلن حکومت چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے پناہ گزینوں کو واپس اٹلی بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

اطالوی میڈیا کے مطابق جرمن حکام اس حوالے سے درجنوں مہاجرین کو ایسے انتباہی خطوط بھی روانہ کر چکی ہے کہ انہیں خصوصی پروازوں کے ذریعے اٹلی واپس بھیجا جائے گا۔ ایسی میڈیا رپورٹوں میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ کارروائی نو اکتوبر کو کی جائے گی۔

دریں اثناء جرمن حکومت نے اتوار کے روز اطالوی میڈیا کی ایسی رپورٹوں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ برلن حکومت کا ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ جرمن وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’آئندہ دنوں میں ایسی کوئی بھی پرواز اٹلی بھیجنے کا منصوبہ نہیں ہے۔‘‘

یاد رہے کہ چند روز پہلے اٹلی کی حکومت نے مہاجرین کے لیے پناہ اور ملک بدری سے متعلق قوانین کو مزید سخت بنانے کی خاطر ایک متنازعہ سکیورٹی قانون کی بھی منظوری دے دی تھی۔ یہ قانون مہاجرین کو اٹلی بدر کرنے اور انہیں شہریت نہ دینے میں مددگار ہو گا۔