قرارداد پاکستان کی حقیقت پر عمل نہ کرکے ہم نے قائد اعظم کی روح کو تکلیف دی۔ رحیق عباسی

پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا ہے کہ قرارداد پاکستان کا مقصد صرف علیحدہ ریاست حاصل کرنا نہ تھا بلکہ ایک ایساآزاد اور خود مختار ملک حاصل کرنا تھا جس میں مسلمان اپنے عقائد کے مطابق اندرونی و بیرونی دبائوسے آزاد ہوکر عمل کرسکیں ۔انصاف اور مساوات کے اصول قائم کیے جائیں اور سب کو بنیادی حقوق ان کی دہلیز پر پہنچائے جائیں لیکن افسوس کہ ہم نے قرارداد پاکستان کی حقیقت کو فراموش کرکے بانی پاکستان قائد اعظم کی روح کو تکلیف دی ۔ آج کا پاکستان علامہ اقبال وقائداعظم کے افکارات سے انحراف کی ایسی تصویر پیش کر رہا ہے جس میں خوشحالی،ترقی اور وقار کا کوئی رنگ دکھائی نہیں دیتا۔

شخصیات طاقت ور ہیں اور ادارے ایک دوسرے کے مقابل کھڑے اپنے وجود کے کھوکھلے پن کا احساس دلا رہے ہیں۔سیاسی پارٹیاں ملک و قوم کے مفادات کیلئے منشور کی سیاست سے کوسوں دور ہیں۔ذاتی مفادات ،لوٹ کھسوٹ اور کرپشن کو تحفظ دینے والا انتخابی نظام عوام کی خوشحالی اور ملکی وقار اورترقی کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان عوامی تحریک یوتھ ونگ کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے موقع پر ”قرارداد پاکستان کی حقیقی روح اور ہمار اقومی طرز عمل کے عنوان سے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں منعقد ہونے والے سیمینار میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر،خرم نواز گنڈاپور ، بشارت جسپال،فیاض وڑائچ ،جواد حامد، قاضی فیض الاسلام ،ساجد بھٹی اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ انتخابی نظام کے تحت انتخابات کی رسم سے کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اپنے اصل دشمن کو پہچانیں جو موجودہ انتخابی نظام کی صورت میں ان کے حقوق کو ایک عفریت کی صورت میں ہڑپ کرنے کیلئے ایک دفعہ پھر تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 62,63اور 218 کے بغیر ہونے والے الیکشن آئین پاکستان کے ساتھ مذاق ہو گا۔

اگر ظالمانہ انتخابی نظام کے خلاف منظم جدوجہد نہ کی گئی تو حقیقی پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہو سکے گا۔اس لئے پاکستان کے طلباء اور نوجوانوں کو وہی کرداردہراناہو گا جو تحریک پاکستان کے وقت تھا۔ ڈاکٹر طاہر القادری کی نظام کے خلاف جدوجہد مستقبل میں پاکستان میں حقیقی جمہوریت کے قیام کا باعث ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے حکمران ذاتی مفادات پر قومی مفادات کو ترجیح دیتے تو پاکستان آج ایشیاء کی قیادت کر رہا ہوتا ۔ ڈاکٹر رحیق اھمد عباسی نے کہا کہ وطن عزیزی کو ایسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے جو قائداعظم کے ویثرن اور اقبال کے خواب کو حقیقت بنانے کیلئے کام کرے اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی شکل میں عالم اسلام کے پاس ایسی قیادت موجود ہے۔سیمینار سے بابر چوہدری،طیب ضیاء اور رفیق صدیقی نے بھی خطاب کیا۔