روس اور یوکرین اہم تنازعات پر متفق ہو جاَئیں گے: چاوش اولو

Mouloud Chavosh Oglu

Mouloud Chavosh Oglu

ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ روس اور یوکرین اہم مسائل پر معاہدے کے قریب ہیں۔

خبر کے مطابق، انہوں نے بتایا کہ اگر دونوں فریقین اب تک کی پیش رفت سے پیچھے نہ ہٹیں تو جنگ بندی کی امید کی جاسکتی ہے۔

رواں ماہ کے اوائل میں روسی وزیر خارجہ سرگی لاوروف اور ان کے یوکرینی ہم منصب دمیترو کولیبا کی انطالیہ میں ترک وزیر خارجہ کی موجودگی میں ملاقات ہوئی تھی تاہم اس بات چیت کے حتمی نتائج سامنے نہیں آسکے تھے۔

چاوش اولو نے گزشتہ ہفتے روس اور یوکرین کے دورے کے بعد ایک مرتبہ پھر جنگ بندی کی امید کا اظہار کیا ہے۔

نیٹو کے رکن ملک ترکی کی روس اور یوکرین کے ساتھ بحیرہ اسود میں سمندری سرحد ملتی ہے اور اس کے دونوں ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں۔

واضح رہے کہ انقرہ نے کییف اور ماسکو کے درمیان ثالثی کی پیشکش کی تھی۔