سانحہ ساہیوال کیس میں انصاف نہیں ہوا: ترجمان وزیراعظم کا اعتراف

Sahiwal Tragedy Case

Sahiwal Tragedy Case

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) وزیراعظم کے ترجمان ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ سانحہ ساہیوال کیس میں انصاف نہیں ہوا اور جلیل کی باتوں سے لگ رہا ہے اس نے پیسے لے کر یا دباؤ میں صلح کی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم افضل چن نے کہا کہ حکومت نے مریم نواز کو بیمار والد سے ملنے کیلئے اخلاقی طور پر اجازت دی، ن لیگ نواز شریف کے بیرون ملک علاج کیلئے عدالت چلی گئی ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ قانون سب کیلئے ایک جیسا ہے یا علیحدہ علیحدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انصاف اور عدل چاہتے ہیں، اس میں سب چیزیں آجاتی ہیں، اس ملک میں ایک مائنڈ سیٹ ہے اسی مائنڈ سیٹ کی وجہ سے سانحہ ماڈل ٹاؤن اور سانحہ ساہیوال ہوا، ن لیگ تاریخ سے معافی مانگے۔

ویراعظم کے ترجمان کا کہنا تھا کہ عدالتی نظام مفلوج ہے، عام آدمی کو انصاف نہیں مل سکتا، طاقتور ہی انصاف لے سکتا ہے، ریمنڈ ڈیوس معاملہ ہوا تو جے یو آئی حکومت میں تھی، ریمنڈ ڈیوس فیصلے پر فضل الرحمن ایک لفظ نہیں بولے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات کرنا اپوزیشن سے زیادہ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے، اپوزیشن احتجاج کرنا چاہتی ہے تو آئین و قانون کے دائرے میں تمام سہولیات دیں گے۔