رمضان میں قرآن پین کی تعارفی تقریب

Quran

Quran

قرآن مجید عالم انسانیت کی عظیم ترین کتاب ہے جو اللہ کا کلام ہے اور عربی زبان میں تقریباً 23 برس کے عرصے میں آخری نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر نازل ہوئی۔ قرآن کے نازل ہونے کے عمل کو وحی نازل ہونا بھی کہا جاتا ہے اور یہ کتاب اللہ کے فرشتے حضرت جبرائیل علیہ السلام کے ذریعے حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم پر نازل ہوئی۔

قرآن میں آج تک کوئی کمی بیشی نہیں ہو سکی اور اسے دنیا کی واحد محفوظ کتاب ہونے کی حیثیت حاصل ہے جس کا مواد تبدیل نہیں ہو سکا اور تمام دنیا میں کروڑوں کی تعداد میں چھپنے کے باوجود اس کا متن ایک جیسا ہے۔ اس کی ترتیب نزولی نہیں بلکہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی بتائی ہوئی ترتیب کے مطابق حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ کے دورِ خلافت میں اسے یکجا کیا گیا۔ اس کام کی قیادت حضرت زید بن ثابت انصاری رضی اللہ عنہ نے کی۔ قرآن کا سب سے پہلا ترجمہ حضرت سلمان فارسی نے کیا۔ یہ سورة الفاتحہ کا عربی سے فارسی میں ترجمہ تھا۔ قرآن کو دنیا کی ایسی واحد کتاب کی بھی حیثیت حاصل ہے جو لاکھوں کی تعداد میں لوگوں کو زبانی یاد ہے۔

قرآن سابقہ الہامی کتابوں مثلاً انجیل، تورات اور زبور وغیرہ کی تصدیق کرتی ہے۔ یہ الگ بات ہے کہ ان الہامی کتابوں میں بیشمار تبدیلیاں ہو چکی ہیں۔قرآن کی زبان فصیح عربی ہے جسے آج بھی ادبی مقام حاصل ہے اور باوجودیکہ عربی کے کئی لہجے (مصری، مراکشی، لبنانی، کویتی وغیرہ) پیدا ہو چکے ہیں، قرآن کی زبان کو ابھی تک عربی کے لیے ایک معیار کی حیثیت حاصل ہے۔ عربی کے بڑے بڑے عالم جن میں غیر مسلم بھی شامل ہیں قرآن کی فصیح، جامع اور انسانی نفسیات سے قریب زبان کی تعریف میں رطب اللسان ہیں۔ اتنی بڑی کتاب ہونے کے باوجود اس میں کوئی گرائمر کی غلطی بھی موجود نہیں۔

پاکستان اور عالم اسلام کے تمام مسائل کا حل اور مصائب کا علاج قرآن مجید کو عام کرنے، پڑھنے، سمجھنے اور اس پر عمل کرنے میں ہے۔دارالسلام اسی مقصد کی خاطر قرآن مجید کی طباعت و اشاعت خدمت دین کے طور پر کر رہا ہے۔دارالسلام کے منیجنگ ڈائریکٹر عکاشہ مجاہد نے دارالسلام کے ہیڈ آفس لوئر مال میں قرآن پین کی تعارفی تقریب کے موقع پر کہا کہ رمضان المبارک اور قرآن مجید کا آپس میں گہرا تعلق ہے، اسی لیے قرآن پین ماہ مقدس میں متعارف کروایا گیا ہے۔ یہ پین ایک عام آدمی سے لے کر عالم دین سب کے لیے یکساں مفید ہے۔ ایسا شخص جو قرآن مجید نہیں پڑھ سکتا، اس کی ذہنی استعداد کو پیش نظر رکھ کر یہ قرآن پین تیار کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ نورانی قاعدہ، تجویدی قواعد، ہجے اور قرآنی مثالوں سے مزین ہے۔

یہ پین ائمہ حرمین سمیت 15 معروف قراء کرام کی تلاوتوں، 28 زبانوں میں تراجم، صحیح بخاری، صحیح مسلم، ریاض الصالحین، 14زبانوں کے ساتھ ٹاکنگ ڈکشنری، ٹریول کارڈ، سیرت کارڈ، مینول کارڈ اور حج و عمرہ کی کتاب پر مشتمل ہے۔ جیب میں آسانی سے سما جانے والے ٹریول کارڈ کی موجودگی میں دوران سفر قرآن مجید ساتھ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ صرف کارڈ کی مدد سے قراء کرام کی تلاوتیں، تراجم، تفاسیر، اذکار اور دعائیں سنی جا سکتی ہیں۔ 12 ابواب اور 8 زبانوں پرمشتمل جیبی سائز کے سیرت کارڈ سے سیرت کے تمام پہلوؤں اور گوشوں کو نہایت ہی آسانی سے سمجھا جا سکتا ہے۔

قرآن مجید کے حاشیے پر بھی قراء کرام کی تلاوتیں، تفاسیر اور تراجم موجود ہیں جنھیں بوقت ضرورت سنا جا سکتا ہے۔ اس کا قرآن مجید بیروت کا طبع شدہ اور نہایت ہی اعلیٰ کوالٹی کا ہے جبکہ مارکیٹ میں دستیاب عام قرآن پینوں کی نسبت ڈیوائس کی بیٹری اور سپیکر جاپانی ہے۔ اس میں آواز ریکارڈ کرنے، ریکارڈ شدہ آواز کے اصل آواز سے موازنہ کرنے کی سہولت بھی ہے۔ یہ قرآن پین بلند اور صاف آواز کی بدولت دوسروں سے ممتاز ہے۔ اس میں تلاوت و ترجمہ کو تسلسل کے ساتھ بھی سنا جاسکتا ہے۔ مطلوبہ آیت/ آیات تک رسائی آسان ہے۔

Saudi Arabia

Saudi Arabia

فہرست پارہ جات، فہرست سورئہ جات، فہرست موضوعات قرآن جیسی خوبیوں سے یہ متصف ہے۔ اس کی ہارڈ ویئر کی گارنٹی ایک سال اور سافٹ ویئر کی گارنٹی لائف ٹائم ہے جبکہ اس کی قیمت نہایت ہی مناسب ہے۔ عکاشہ مجاہد نے اس بات کی امید ظاہر کی کہ اس قرآن پین کی بدولت لوگوں کا قرآن مجید کو پڑھنا اور سمجھنا آسان ہو جائے گا۔دارالسلام کا مرکزی دفتر سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں ہے ۔ ریاض میں تین شورومز علیا برانچ، ملز برانچ اور سویلم برانچ ہیں۔ جبکہ جدہ، مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ، الخبر، دمام، بریدہ، قصیم ، ینبع اور خمیس مشیط میں بھی شورومز اور مارکیٹنگ کا مربوط نیٹ ورک موجود ہے۔

نیز شارجی، لندن، کوالالمپور، ہوسٹن، نیو یارک، کینیڈا میں بھی اس کی شاخیں علمی خدمات سرانجام دے رہی ہیں۔ دارالسلام کا ڈسٹری بیوٹنگ نیٹ ورک کم و بیش 30ملکوںپر محیط ہے جن میں نیوزی لینڈ ، آسٹریلیا، ملائیشیا، ہانگ گانگ، سنگا پور، سری لنکا، مالدیپ، بھارت، متحدہ عرب امارات، عمان، قطر، کویت، بحرین، یمن، شام ، لبنان، اردن، مصر، سوڈان، جنوبی افریقہ، انگلینڈ، ڈنمارک، فرانس، بلجیم، ترکی، ہالینڈ، سپین، امریکہ، کینڈا، کوریا، اٹلی بنگلہ دین، مراکش اور الجزائر شامل ہیں۔

پاکستان میں دارالسلام کا مرکزی دفتر لوئر مال لاہور نزد سیکرٹریٹ سٹاپ پر واقع ہے۔ اس کے علاوہ ڈیفنس شوروم، اردو بازار شوروم، لبرٹی گلبرگ شوروم، مین مارکیٹ گلبرگ شوروم، پیکو روڈ ٹائون شپ شوروم علم کی خدمت میں مصروف ہیں۔ علازہ کراچی، اسلام آباد اور ملتان میں بھی اس کے شو رومز کا م کر رہے ہیں۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں دارالسلام کے سٹاکسٹ 100 کے لگ بھگ ہیں۔ دارالسلام کا طرہ امتیاز علمی و طباعتی معیار ہے۔ اشاعت کے لیے منتخب کیا جانے والا مواد ہراعتبار سے مستند ہوتا ہے۔

دارالسلام کے شعبہ تصنیف و تحقیق سے وابستہ مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 100 سے زائد معروف اہل علم، ریسرچ سکالرز اور نامور محققین کے زیر نگرانی تصنیف و تالیف، ترجمہ، تحقیق، تخریج ، نظر ثانی اور پروف ریڈنگ کے تمام مراحل طے ہوتے ہیں۔ دارالسلام علوم قرآن و سنت کی اشاعت کا کام تجارت کے طور پر نہیں بلکہ ایک دینی فریضہ سمجھ کر انجام دے رہا ہے۔ اس ادارے کی کتب نہ صرف اعلیٰ علمی تحقیقی معیار رکھتی ہیںبلکہ ان کا طباعتی حسن بھی معیار کا ہے۔

اس وقت ادارے کی 28 زبانوں اور 1350 سے زائد موضوعات پر کتب اردو،عربی، اور انگریزی کے علاوہ دنیا کی دیگر زبانوں فارسی، پشتو، فرانسیسی، ہسپانوی، البانوی، ہندی، بنگالی، مالاباری، تگالو، (فلپائنی) اور سواحلی میں چھپ کر علوم دین کی روشنی پھیلا رہی ہیں۔

Mohammad Shahid Mahmood

Mohammad Shahid Mahmood

تحریر:محمد شاہد محمود