سرتاج عزیز کی افغان صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت

Sartaj Aziz

Sartaj Aziz

وزیراعظم کے مشیرخارجہ امور سرتاج عزیز نے افغان صدر حامد کرزئی کو وزیراعظم پاکستان کی طرف سے دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دی۔ سرتاج عزیز کہتے ہیں کہ طالبان سے مذاکرات میں پاکستان کی مدد فراہم کرے گا۔

کابل میں وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے افغان صدر حامد کرزئی کو نئی حکومت کی جانب سے ہر معاملے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مشیر خارجہ نے وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے افغان صدر کو دورہ پاکستان کی باضابطہ دعوت دی۔ افغان صدر سے ملاقات میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے سمیت دیگر امور پر بات چیت کی گئی۔ اف

غان وزیر خارجہ ڈاکٹر زلمے رسول اور افغان وزیر تجارت انوارالحق ہادی سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لئے مخلصانہ کوششں کر رہا ہے۔ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات افغانستان کرے گا اور پاکستان مدد فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نئی حکومت افغانستان سے تعلقات کو وسعت دینا چاہتی ہے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تجارت میں اضافہ دونوں ملکوں کی عوام میں خوشحالی لائے گا۔ افغان وزیر خارجہ نے زلمے رسول نے کہا کہ امن مذاکرات افغان قیادت کی نگرانی میں ہونے چاہیئں جس میں افغان آئین کے احترام کیا جائے۔