سعودی عرب: کووِڈ-19 کے 1072 نئے کیس؛ ویکسین لگوانے والوں کی تعداد 80 لاکھ سے متجاوز

Saudi Arabia Coronavirus

Saudi Arabia Coronavirus

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں گذشتہ 24 گھنٹے میں کووِڈ-19 کے 1072 نئے کیسوں کی تشخیص ہوئی ہے۔ کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوانے والوں کی تعداد 80 لاکھ سے متجاوز ہو گئی ہے۔

سعودی وزارت صحت نے ہفتے کے روز اطلاع دی ہے کہ حالیہ دنوں میں کرونا وائرس کا شکار ہونے والے مزید نو مریض وفات پاگئے ہیں جبکہ 858 مریض صحت یاب ہو گئے ہیں۔

مملکت میں گذشتہ سال وَبا پھیلنے کے بعد سے اب تک کووِڈ-19 کے 411263 کیسوں کی تشخیص ہو چکی ہے۔ان میں سے 6887 مریض وفات پاچکے ہیں۔ان کے علاوہ 394529 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

دریں اثناء وزارت صحت نے مزید یہ اطلاع دی ہے کہ مملکت میں کووِڈ-19 کی ویکسین لگوانے والوں کی تعداد 80 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔وزارت کے ترجمان نے سعودی شہریوں اور تارکِ وطن مکینوں پرزوردیا ہے کہ وہ صحتی ایپ پر اپنے ناموں کا اندراج کریں تاکہ انھیں دستیاب ویکسینوں میں سے کسی ایک کے انجیکشن لگائے جاسکیں۔

انھوں نے تمام لوگوں پر زوردیا ہے کہ وہ کروناوائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین لگوائیں،بالخصوص جو افراد لوگوں کے ہجوم یااجتماعات میں اپنا زیادہ وقت گزارتے ہیں،انھیں ضرور ویکسین لگوانی چاہیے۔

اس وقت سعودی عرب بھرمیں 587 ویکسی نیشن مراکزکام کررہے ہیں۔وہاں شہریوں اور مکینوں کو کووِڈ-19 کی مفت ویکسینیں لگائی جارہی ہیں۔ان کے علاوہ مزید ویکسی نیشن مراکز بھی کھولے جارہے ہیں۔