سعودی عرب میں کرونا کیسز میں کمی، آج سے پابندیوں میں مزید توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

Saudi Interior Ministry

Saudi Interior Ministry

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب میں وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ 3 فروری اور 14 فروری کو مملکت میں کرونا (كوویڈ 19) کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر اجتماعی سرگرمیوں پر پابندی میں نرمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ فیصلہ مملکت میں کرونا کیسز میں کمی کے واضح‌ اشاروں کے سامنے آنے کے بعد کیا گیا ہے۔

وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ 3 فروری اور 14 فروری کی تاریخوں میں کرونا کے پیش نظر لگائی گئی پابندیوں‌ میں آج سے نرمی کی جا رہی ہے اور پابندیوں میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔

بعض شرائط کے تحت سینما گھروں کو کھولنے، ان ڈرو تفریحی تقریبات کی اجازت دینے، ان ڈور کھیلوں، ہوٹلوں، بازاروں، کھیل کے کلبوں اور دیگر مراکز کو احتیاطی تدابیر کی شرائط کے تحت آج سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تاہم شادی بیاہ ،مجمع اکٹھا کرنے، شادی ہالوں کے استعمال اور تفریحی مقاصد کے لیے کیمپ لگانے پر تا اطلاع ثانی پابندی برقرار رہے گی۔ سماجی تقریبات میں 20 سے زاید افراد کو اکٹھا کرنے پر پابندی برقرار رہے گی۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ جنازوں کی تدفین اور نماز جنازہ کے لیے تمام اوقات کو کھول دیا گیا ہے تاہم حکومت نے واضح کیا ہے کہ کرونا وبا کی روک تھام کےلیے وضع کردہ شرائط اور ضوابط کی خلاف ورزی پر کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ پولیس کی ٹیمیں وبا کی روک تھام کے لیے وضع کردہ طریقہ کار کی پابندی کرانے کے لیے اپنا کام جاری رکھیں گی اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب عناصر کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے۔