سعودی عرب سے معتمرین کے لیے ایک اور خوشخبری آ گئی

Umrah

Umrah

ریاض (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب نے دو سال سے عائد کورونا پابندیوں کو مزید نرم کرتے ہوئے اب 12 سال یا اس سے زائد عمر کے غیرملکی بچوں کو بھی عمرے کی اجازت دے دی۔

عرب میڈیا کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے کورونا پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے 12 سال یا اس سے زیادہ عمر کے بچوں کو بھی عمرے کی اجازت دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

کورونا پابندیوں سے متعلق نئی ہدایت کے تحت اب 12 سال سے زیادہ عمر کا کوئی بھی شخص مسجد الحرام میں داخل ہونے اور عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کا اجازت نامہ لے سکتا ہے تاہم اس کے لیے عازمین کو کچھ طریقہ کار پر عمل کرنا لازمی ہوگا۔
یہ خبر بھی پڑھیں : خانہ کعبہ کورونا پابندیوں کے خاتمے پر نمازیوں سے بھر گیا، رقت آمیز مناظر

سعودی عرب پہنچنے سے پہلے قدوم پلیٹ فارم پر کورونا ویکسینیشن مکمل ہونے کا ثبوت رجسٹر کرانا ہوگا جس کے بعد ہی مملکت میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ بعد ازاں توکلنا اور اعتمرنا ایپس پر بھی رجسٹر ہونا ہوگا۔

اسی طرح عمرہ کمپنی سعودی عرب سے باہر سے عمرہ ویزہ کے ساتھ آنے والے زائرین کے لیے ضروری اجازت نامے جاری کرے گی۔

اگرچہ مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں سماجی فاصلے کی شرط ختم کردی گئی ہے اور عبادت گزاروں کی تعداد میں بھی اضافہ کردیا گیا ہے لیکن ماسک پہننا اب بھی لازمی ہے۔