سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں پہلا روزہ جمعرات کو ہو گا

Ramadan Moon

Ramadan Moon

ریاض (جیوڈیسک) سعودی عرب اور خلیجی ممالک سمیت دنیا کے متعدد ممالک میں رمضان المبارک کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں پہلا روزہ جمعرات کو ہو گا۔

سعودی میڈیا کے مطابق چاند دیکھنے کے لیے سب سے بڑا اجلاس ریاض کے وسطی علاقہ سسدیر میں منعقد ہوا جس میں مشہور ماہر فلکیات عبداللہ الخضیری نے شرکت کی۔ شہادتوں کے فیصلے کے بعد رویت ہلال کمیٹی نے چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا جس کے تحت سعودی عرب میں یکم رمضان المبارک 17 مئی بروز جمعرات کو ہوگا۔

قبل ازیں سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے عوام اور رویت ہلال کی مقامی کمیٹیوں سے چاند دیکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ چاند نظر آنے کی شہادت کو سپریم کورٹ میں درج کرایا جائے چنانچہ شہادتوں کی جانچ پڑتال کے بعد چاند سے متعلق اعلان کیا گیا۔

اسی ضمن میں سعودی عرب کے فلکیاتی ادارے کا کہنا تھا کہ سائنسی شواہد کی بناء پر آج چاند نظر آنے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے آج کے چاند کی عمر اتنی زیادہ نہیں ہوگی کہ وہ دیکھا جاسکے۔

دریں اثنا انڈونیشیا، ملایشیا، برونائی، سنگاپور، آسٹریلیا،عمان، جاپان اور آسٹریلیا میں بھی چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد جس کے بعد وہاں بھی پہلا روزہ جمعرات کو رکھا جائے گا۔

خیال رہے کہ ماہرین فلکیات نے رواں برس دنیا بھر میں ایک ہی روز رمضان المبارک شروع ہونے کی پیش گوئی کی ہے۔