سعودی عرب :مسافروں کو کووِڈ-19 کی حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کی ہدایت

Saudi Arabia Passengers

Saudi Arabia Passengers

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی جنرل اتھارٹی برائے شہری ہوابازی (جاسا) نے مملکت میں آنے اور بیرون ملک جانے والے تمام مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ہمہ وقت کرونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسداری کریں۔

جنرل اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اب ملک کے تمام ہوائی اڈے بین الاقوامی مسافر پروازوں کی آمدورفت کے لیے تیار ہیں۔البتہ سعودی حکومت کے مقرر کردہ معیار پر پورا اترنے والے مسافروں ہی کو مملکت میں داخل ہونے اور یہاں سے بیرون ملک جانے کی اجازت ہوگی۔

جاسا نے بدھ کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ ہر فضائی کمپنی کو پروازوں کی بحالی سے قبل مسافروں کے لیے اپنے قواعد وضوابط کی وضاحت کرنی چاہیے۔

اس نے مزید کہا ہے کہ ’’سعودی عرب سے روانہ ہونے والے مسافروں کی بھی یہ ذمے داری ہے کہ وہ جائے منزل ملک کی جانب سے اعلان کردہ احتیاطی تدابیر اور قواعد وضوابط کی پاسداری کریں۔‘‘

سعودی عرب نے 15 ستمبر سے شہریوں اور مکینوں کے بعض منتخب گروپوں کو بین الاقوامی سفر کی اجازت دے دی ہے۔ وہ سعودی عرب کے زمینی ، سمندری راستوں اور فضائی اڈوں کے ذریعے بیرون ملک روانہ ہوسکیں گے اور وہاں سے واپس آسکیں گے لیکن انھیں کرونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے حکومت کی عاید کردہ پابندیوں کی پاسداری کرنا ہوگی۔

سعودی حکومت کے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مقرر کردہ قواعد وضوابط میں سے ایک ضابطے کے تحت کسی بھی ایسے شخص کو مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی جس کے پاس کووِڈ-19 سے پاک ہونے کا ثبوت نہیں ہوگا۔بین الاقوامی مسافروں کے پاس کرونا وائرس کے ٹیسٹ کا منفی نتیجہ 48 گھنٹے سے زیادہ پرانا نہیں ہونا چاہیے۔

قبل ازیں گذشتہ اتوار کو سعودی عرب نے یکم جنوری 2021ء کے بعد اپنے تمام شہریوں کو تمام زمینی ، سمندری راستوں اور ہوائی اڈوں سے بیرون ملک جانے اور پھر واپس آنے کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔تاہم حکومت نے بعض شرائط پر پورا اترنے والے سعودی شہریوں اور غیرملکیوں کو بین الاقوامی سفر کی اجازت دے دی ہے اور انھیں سفری پابندی سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس کی وَبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے مارچ کے اوائل میں اپنی سرحدیں بند کردی تھیں،فضائی سروس معطل کردی تھی۔15 مارچ کو بین الاقوامی پروازیں اور 20 مارچ کو اندرون ملک تمام پروازیں معطل کردی تھیں۔اندرون ملک پروازوں کو کوئی سوا دو ماہ کے بعد مئی میں بحال کیا گیا تھا اور صرف سعودی فضائی کمپنیوں کو یہ پروازیں چلانے کی اجازت دی تھی۔