سعودی عرب کو مطلوب دو مبینہ دہشت گرد پاکستان سے گرفتار

Criminal Arrested

Criminal Arrested

ریاض (جیوڈیسک) پاکستانی حکام نے دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں سعودی عرب کو مطلوب 2 سعودی شہریوں کو گرفتار کر کے ان کے آبائی وطن بھجوا دیا ہے۔ سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی کی جانب سے جاری کئے گئے بیان کے مطابق عادل فلیح العنزی اور باسم محمد حامد الجہنی نامی دو سعودی شہریوں کو پاکستان سے گرفتار کرنے کے بعد وطن لایا گیا ہے۔ ان دونوں افراد کو بیرون ملک دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث اپنے شہریوں کے خلاف جاری مہم کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور دونوں ملزمان کے ساتھ ملکی پالیسی کے مطابق سلوک کیا جائے گا، سعودی وزارت داخلہ کے ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ ان دونوں مشتبہ افراد کو پاکستان کے کس شہر سے گرفتار کیا گیا۔

واضح رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے فروری میں ایک فرمان جاری کیا تھا جس کے تحت دہشت گرد گروپوں کے ارکان اور بیرون ملک لڑائیوں میں حصہ لینے والے سعودی شہریوں کو 20 سال تک قید کی سزا سنائی جا سکے گی۔