سعودی عرب : کووِڈ-19 کی دو مختلف ویکسینوں کی پہلی اور دوسری خوراک لگانے کا فیصلہ

Vaccination

Vaccination

سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کی وزارتِ صحت نے کہا ہے کہ قومی کمیٹی برائے متعدی امراض نے لوگوں کو اب کووِڈ-19 کی دو مختلف ویکسینوں کی پہلی اور دوسری خوراک لگانے کی حکمت عملی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس وقت سعودی عرب سمیت دنیا کے بیشتر ملکوں میں لوگوں کو کووِڈ-19 کی کسی ایک ویکسین کی دونوں خوراکیں لگائی جارہی ہیں مگر اب حالیہ مطالعات کی روشنی میں سعودی کمیٹی نے اس حکمتِ عملی کو تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزارت صحت نے بتایا ہے کہ قومی کمیٹی برائے متعدی امراض نے یہ فیصلہ بین الاقوامی سائنسی مطالعات کی روشنی میں کیا ہے۔ان میں کووِڈ-19 کی دو مختلف ویکسینوں کو پہلی اور دوسری خوراک کے طور پر لگانے کے نتائج کا جائزہ لیا گیا ہے۔

ان کے نتائج سے ثابت ہوا ہے کہ کروناوائرس کا شکار ہونے سے بچنے کے لیے دومختلف ویکسینوں کی دو خوراکیں محفوظ اور مؤثرہیں اور اس طرح کسی دوسری ویکسین کی دوسری خوراک کے وہی مفید نتائج ہوسکتے ہیں جو ایک ہی ویکسین کی ایک فرد کو لگائی گئی دونوں خوراکوں کے ہوسکتے ہیں۔

اس وقت سعودی عرب بھرمیں قریباً چھے سو ویکسی نیشن مراکزکام کررہے ہیں۔وہاں شہریوں اور مکینوں کو کووِڈ-19 کی ویکسینیں مفت لگائی جارہی ہیں۔ویکسین لگوانے کے لیے سعودی شہری اور تارکِ وطن صحتی ایپ پر اپنے ناموں کا اندراج کرسکتے ہیں اور انھیں دستیاب ویکسینوں میں سے کسی ایک کے انجیکشن لگائے جارہے ہیں۔

وزارت صحت نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کروناوائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ویکسین لگوائیں، بالخصوص جو افراد لوگوں کے ہجوم یااجتماعات میں اپنا زیادہ وقت گزارتے ہیں،انھیں ضرور ویکسین لگوانی چاہیے۔

دریں اثناوزارتِ صحت نے بدھ کو مملکت بھر میں کروناوائرس کے 1253 نئے کیسوں کی اطلاع دی ہے۔اب تک سعودی عرب میں کووِڈ-19 کے تشخیص شدہ کی کیسوں کی تعداد 478,135 ہو چکی ہے۔

گذشتہ 24 گھنٹے میں اس مہلک وائرس کا شکار مزید 13 مریض وفات پاگئے ہیں اور اب مہلوکین کی تعداد بڑھ کر 7716 ہوگئی۔وزارتِ صحت کے مطابق مزید 1043 مریض تن درست ہوگئے ہیں اورصحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 459,091 ہو گئی ہے۔