اماراتی ولی عہد کی سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو قومی دن کی مبارکباد

Shah Salman bin Abdul Aziz

Shah Salman bin Abdul Aziz

الریاض (اصل میڈیا ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے ولی عہد الشیخ محمد بن زاید نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی قوم کو مبارک باد پیش کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی باہمی شراکت بہت گہری اور مستقبل کا ویژن ایک ہے۔

دونوں ملک حال اور مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اسٹریٹجک شراکت داری اور یکجہتی کے اصولوں پرعمل پیرا رہیں گے۔

سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ‘ٹویٹر’ پر پوسٹ کردہ متعدد ٹویٹس میں اماراتی ولی عہد نے سعودی عرب کے 89 ویں قومی دن پر خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی قوم کو مخلصانہ مبارک باد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ’ آپ کا قومی دن ہمارا دن ہے۔ آپ کی خوشی ہماری خوشی ہے اور آپ کے کارنامے ہمارے لیے باعث فخر ہیں’۔

الشیخ محمد بن زاید نے کہا کہ ہمارے تاریخی تعلقات کی جڑیں اور ہماری اسٹریٹجک شراکت داری گہری ہے۔ ہم حال اور مستقبل کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے متحد ہیں۔ ہم خطے کی سلامتی اور استحکام کے تحفظ کے لیے مل کر جد و جہد کر رہے ہیں اور خطرات کا مل کر مقابلہ کرتے ہیں۔