سندھ حکومت 15 ستمبر کو بلدیاتی الیکشن کرانے کیلئے تیار ہے، ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے سپریم کورٹ میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت 15 ستمبر کو بلدیاتی الیکشن کرانے کے لیے تیار ہے۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سندھ اسمبلی کے ارکان، وزرا، اسپیکر اور وزیر اعلی کے لیے تاحیات مراعات کا بل منظور کرنے کے کیس کی سماعت کی۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے کہا کہ اس مقدمے میں ایڈووکیٹ جنرل سندھ جاوید خان خود دلائل دینا چاہتے ہیں، تاہم اس وقت وہ بلدیاتی قانون کے مسودے کی تیاری میں مصروف ہیں، عدالت کیس کی سماعت 15 اگست کے بعد تک ملتوی کردے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ 15 اگست تک بلدیاتی انتخابات کے قانون کے مسودے کو منظور کرنے کا عمل مکمل کرنا ہے جب کہ 15 ستمبر کو بلدیاتی انتخابات کرانے ہیں، کیا آپ تیار ہیں ؟ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت تیار ہے جس کے بعد عدالت نے مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔