سندھ کے سرکاری ملازمین کو 3 دن میں ویکسنیشن کرانے کی حتمی وارننگ

office

office

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) سندھ حکومت کے ماتحت محکموں کے ملازمین کو 3 دن میں ویکسنیشن کرانے کی حتمی وارننگ دے دی گئی۔

صوبائی محکموں کے ملازمین کو تین دن میں ویکسنیشن کرانے کی حتمی وارننگ دے دی گئی ہے، اور تمام محکموں کے ملازمین کو کورونا ویکسینیشن کارڈ جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔

دوسری جانب صوبائی محکموں نے ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کی فہرستیں مرتب کرنا شروع کردی ہیں، جن کے تحت کورونا ویکسینیشن نہ کرانے والے ملازمین کی تنخواہیں جولائی سے بند کردی جائیں گی۔

ذرائع سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ صوبے کے 4 لاکھ ملازمین وافسران میں سے تاحال نصف نے بھی ویکسینیشن نہیں کروائی، سندھ اسمبلی سیکریٹریٹ کے 30 فیصد سے زائد ملازمین نے کورونا ویکسین نہیں کروائی، سندھ بھر کی بلدیاتی کونسلز کے 30 ہزارسے زائد ملازمین کو کورونا ویکسین کا پہلا ڈوز نہیں لگا، جب کہ محکمہ تعلیم کے ہزاروں تدریسی و غیر تدریسی عملے نے بھی تاحال کورونا ویکسین سرٹیفکیٹ جمع نہیں کروایا۔