سندھ میں آج 12 سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن

Sindh Lockdown

Sindh Lockdown

کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) حکومت سندھ نے (آج) جمعہ کو12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مفتی منیب الرحمن کی زیر قیادت علماکے وفد سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ آج سندھ میں 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن ہوگا، وفد کے اراکین میں مفتی عابد مبارک ، مفتی رفیع رحمن ، مفتی عابد سعید ، عبدالوحید ، ڈاکٹر عبدالباری ، ڈاکٹر عدیل ، ڈاکٹر سعید اور دیگر شامل تھے، وزیر اعلیٰ سندھ کی معاونت وزیر مذہبی امور ناصر شاہ اور وزیر تعلیم سعید غنی نے کی،وزیراعلیٰ سندھ نے کوروناوائرس پر قابو پانے کے لیے غیر مشروط تعاون پر علمائے کرام کا شکریہ ادا کیا۔

انھوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ جمعہ کے دن 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کرنے کے لیے ہماری مدد کریں اور وزیر اعظم نے مساجد کے لیے ایس او پی کے حوالے سے علمائے کرام سے تبادلہ خیال اور ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

علمائے کرام نے کہا کہ وہ کورونا وائرس کی جاری صورتحال سے آگاہ ہیں ، لہذا انھوں نے حکومت کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی حکومت کے ساتھ تعاون کریں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور مفتی منیب الرحمن نے ملاقات کے فورا بعداپنے پیغامات ریکارڈ کروائے اور انھوں نے لوگوں پر تعاون کرنے کے لیے زور دیا۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی پولیس مشتاق مہر کو ہدایت کی کہ وہ جمعہ کے دن دوپہر 12 بجے سے سہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر ضروری انتظامات کریں۔