حضور کی غلامی دنیا و آخرت میں کامیابی کی ضامن ہے : صوفی مسعود احمد صدیقی

Lahore

Lahore

لاہور : تنظیم مشائخ عظام پاکستان کے امیر اور چیئرمین لاثانی ویلفیئرفائونڈیشن صوفی مسعود احمد صدیقی نے جشن آمد رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے حوالے سے منعقدہ محفل ذکر و نعت کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رحمت عالم حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی غلامی میںہی دنیاو آخرت کی کامیابی ممکن ہے آج حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی آمد کی خوشی منانے والے سچے عاشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ہیں۔

جن کے دل عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے روشن ہیں انہوں نے کہاکہ آج کی نوجوان نسل کو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرت سے مکمل آشنائی دی جائے تو بلاشبہ ہماری نوجوان نسل ہر چیلنج کا مقابلہ کرسکتی ہے آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تشریف آوری سے دنیا جہالت سے نکل کر حقیقی روشنی کی جانب گامزن ہوئی اور کفرو شرک کے بت منہ کے بل گرپڑے۔

ایک دوسرے کے قاتل اور خون کے پیاسوں کو اخوت کے رشتوں میں پرو کر بھائی بھائی بناکر انسانیت کو محبت اور رواداری کی راہ پر گامزن کرتے ہوئے نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے پوری انسانیت کی فقید المثال رہنمائی فرمائی انہوں نے کہا کہ آج ہم سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو مشعل راہ بناتے ہوئے تمام مشکلات سے نجات حاصل کرسکتے ہیں۔

جس کے ضروری سے ہے کہ ہم فرسودہ رسومات سے کنارہ کرتے ہوئے حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ذات اقدس سے وابستہ ہوکر اپنی آنیوالی نسلوں کو حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات سے روشناس کرنے کیلئے عملی کردار ادا کریں اجتماع سے علماء مشائخ عظام اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے اور حضور نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں نذرانہ عقیدت پیش کرتے ہوئے شرکاء کو سیرت النبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے اہم پہلوئوں پر روشنی ڈالی اختتام پر ملکی سلامتی اور ضرب عضب کی کامیابی کیلئے خصوصی اجتماعی دعا اور لنگر بھی تقسیم کیا۔