پی ٹی آئی بھی جلد پارلیمنٹ کا رخ کرے گی :منظور وٹو

Manzoor Wattoo

Manzoor Wattoo

لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کی پچھلی جمہوری حکومت نے مشاورت کے بعد ایک ایماندار اور مخلص چیف الیکشن کمشنر تعینات کیا تھا لیکن بد قسمتی سے وہ اپنی ٹیم کو کنٹرول نہ کر سکے اور الیکشن کمیشن کے ممبران کے کردار نے 2013 کے تمام انتخابی عمل کو متنا زعہ بنادیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار میاں منظور وٹو نے گزشتہ روز قربان علی خان نیازی کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ اسوقت دوسری پارٹیوں سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے ضمن میں مشاورت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور پارلیمنٹ کو انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کے مطالبے کو تسلیم کر لینا چاہیے۔

میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف بھی جلد پارلیمنٹ کا رخ کرے گی۔ میاں منظور احمد وٹو نے قربان علی خان نیازی کو میانوالی کا کوآرڈینیٹر بھی مقرر کر دیا۔ اس موقع پر تنویر اشرف کائرہ، سہیل ملک، منظور مانیکا، جاوید اختر، راجہ عامر خان و دیگر موجود تھے۔